Rehmat-ul-lil-Alameen(رحمةللعلمین)


رحمة للعلمین، خاتم النبیین، سید المرسلین حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت پر دنیا کی تقریبا ہر زبان میں بہت کچھ لکھا جا چکا ہے اور قیامت تک انشاءاللہ لکھا جاتا رہیگا ۔ ہر دور میں عصری تقاضوں کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف نقطہ نگاہ سے نبی امی صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت کو قلمبند کیا گیا ہے اور کیا جاتا رہیگا۔زیر نظر تصنیف بھی اپنے اندر کئی منفرد خصوصیات لیے ہوئے سیرت طیبہ سے متعلق مواد کا ایک ایسا گلدستہ ہے جس کی مثال اردو زبان میں تو درکنار دیگر زبانوں میں بھی نہیں ملتی۔ مولف نے اخذ روایات میں انتہائی حزم و احتیاط سے کام لیا اور رطب و یابس یا موضوع روایات جمع کرنے کے بجائے صحت و ثقاہت کا خیال رکھا ہے۔ تاریخی روایات پر حسب ضرورت نقد و درایت سے کام لیا ہے۔ نیز اس کتاب کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ مصنف کے ذوق کے مطابق سوانح اور واقعات کے ساتھ غیر مذاہب کے اعتراضات کے جوابات اور دوسرے صحف آسمانی کے ساتھ موازنہ اور خصوصیت سے یہود و نصاری کے دعاوی کا ابطال بھی اس میں جا بجا ہے۔ انہی خصوصیات کی بناءپر رحمة للعلمین برصغیر کی جملہ کتب سیرت سے منفرد مقام و مرتبہ کی حامل ٹھہری۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ مولف مرحوم کو رضائے الہی کی بہشت جاوید میں درجات عالیات نصیب ہوں اور ہمارے لیے بھی توشہ آخرت ثابت ہو۔آمین

ٹیگز: , , , , , , ,